لاہور(پی این آئی) دگرگوں معاشی حالات کے سبب باقی شعبوں کی طرح آٹو موٹیو انڈسٹری بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کاروں کی فروخت کئی گنا کم ہو چکی ہے۔
چنانچہ کار ساز کمپنیوں کی طرف سے اپنی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کی کوشش کے طور پر شہریوں کو کچھ پرکشش آفرز دی جا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں ٹویوٹاانڈس موٹر کمپنی، پاک سوزوکی، ماسٹر شینگن اور کیا لکی موٹرز کی طرف سے بھی کچھ ایسی ہی آفرز کا اعلان کیا گیا ہے جن کی تفصیل ذیل میں دی جا رہی ہے:۔
ٹویوٹا پاکستان
ٹویوٹا پاکستان کی طرف سے اپنے کسٹمرز کے لیے مسابقتی مارک اپ/منافع ریٹس، کمتر انشورنس ریٹس اور ترجیحی ڈلیوری کا اعلان کیا گیا ہے۔ جو لوگ منتخب بینکوں کے ذریعے نئی متعارف کرائی گئی ’کرولا کراس ہائبرڈ‘ کی بکنگ کرائیں گے انہیں مذکورہ مراعات دی جائیں گی۔
کیا لکی موٹرز
کیا لکی موٹرز کی طرف سے 31جنوری 2024ءتک کے لیے پرکشش کیش بیک اور اقساط کی آفرز دی گئی ہیں۔ اس آفر میں کمپنی کی طرف سے پیکانٹو اے ٹی گاڑی بک کرانے پر 50ہزار اور سپورٹیج بک کرانے پر ڈیڑھ لاکھ روپے کیش بیک دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کی طرف سے اپنی گاڑی سورینٹو کے تمام ماڈلز بغیر سود آسان اقساط پر دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔اس گاڑی کی قیمت 89لاکھ 99ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے۔
پاک سوزوکی
پاک سوزوکی کی طرف سے اپنی گاڑی سوفٹ کے جی ایل سی وی ٹی ماڈل کی خریداری پر ایک لاکھ روپے بونس دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ آفر صرف جنوری کے مہینے کے لیے ہے۔
شینگن پاکستان
شینگن پاکستان کی طرف سے اپنی گاڑی اوشن ایکس 7کی بکنگ پر 3لاکھ روپے کی بچت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس آفر میں آپ یہ گاڑی 79لاکھ 99ہزار روپے میں خرید سکتے ہیں۔ یہ آفر بھی 31جنوری 2024ءتک کے لیے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں