اسلام آباد( پی این آئی ) نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ صارفین کو 12 جنوری سے جدید آئی فون قسطوں پردینے جارہے ہیں۔
وزارت ٹیلی کام کمپنیوں کے دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت صارفین کو جدید ترین ماڈل فون آسان قسطوں پر ملیں گے، قسط ادا کرنے میں ناکامی کی صورت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹمز کی طرز پر ہینڈ سیٹ کو بلاک کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ذمہ دارانہ مالیاتی رویے کی ترغیب دینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسمارٹ فون کی رسائی میں توسیع ہوتی رہے، اس پالیسی کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کو قسطوں کے منصوبوں کے ذریعے صارفین کو براہ راست سمارٹ فونز پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
اس طرح پاکستان میں خاص طور پر کم آمدنی والے طبقوں میں موبائل براڈ بینڈ کے فوائد کو وسعت ملے گی۔نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے فری لانسرز کی دیرینہ مانگ کو حل کر دیا اور انہیں بین الاقوامی گیٹ وے پے پال کے ذریعے ترسیلات زر کو چینلائز کرنے کے قابل بنایا ہے، پے پال سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ترسیلات زر کو تیسرے فریق یعنی تھرڈ پارٹی کے ذریعے پے پال سے چینلائز کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں باقاعدہ افتتاحی تقریب 11 جنوری کو مقرر ہے جب کہ فائیو جی اگلے سال جولائی میں شروع کیا جائے گا اور 300 میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا، اس کے علاوہ کابینہ نے نجی شعبے کی کمپنیوں کو خلا میں کم مدار میں سیٹلائٹ استعمال کرنے کی اجازت دینے کیلئے قومی خلائی پالیسی کی منظوری بھی دے دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں