سونے کی قیمتوں میں کتنی کمی ہوگئی؟ خریداروں کیلئے اچھی خبر

کراچی ( پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل بڑھنے کے بعد ایک ہزار 300 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 20 ہزار روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 115 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 88 ہزار 614 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 2680 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 2297.66 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ یاد رہے آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 600 روپے بڑھنے کے بعد 2 لاکھ 21 ہزار 300 روپے ہوگئی تھی۔دس گرام سونے کی قیمت ایک ہزار372 روپے بڑھنے کے بعد ایک لاکھ 89 ہزار 729 روپے ہوئی تھی۔ دوسری جانب نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ بہت جلد برآمدات کو ماہانہ 3ارب ڈالرز تک بڑھائیں گے جبکہ ملکی برآمدات کو ماہانہ 8ارب ڈالرز تک پہنچانا اگلا ہدف ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ جاری ہے،دسمبر 2023ء میں برآمدات 2ارب 80کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئیں۔گزشتہ ماہ برآمدات میں دسمبر 2022ء کے مقابلے میں 22فیصد اضافہ ہوا جبکہ دسمبر 2023ء میں تجارتی خسارے میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ بہت جلد برآمدات کو ماہانہ 3ارب ڈالرز تک بڑھائیں گے، ملکی برآمدات کو ماہانہ 8ارب ڈالرز تک پہنچانا اگلا ہدف ہے اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تحت نئی صنعتی پالیسی کے ذریعے برآمدات کے اہداف حاصل کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close