لاہور (پی این آئی) دسمبر میں پاکستان کی ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ دسمبر 2023میں ملکی برآمدات 22.2فیصد بڑھ کر 2.812ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کہ دسمبر 2022میں 2.301ارب ڈالر تھیں۔ وزارت تجارت کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ مذکورہ مثبت رجحان درآمدات کی کمی میں بھی ظاہر ہوا جو دسمبر 2022میں 5.144ارب امریکی ڈالر کے مقابلے میں دسمبر 2023 میں 12.25 فیصد کم ہو کر 4.514 ارب امریکی ڈالر رہ گئیں۔
وزیر تجارت نے کہا کہ صرف دسمبر 2023 میں خسارہ نمایاں طور پر 40 فیصد کم ہو کر 1.7 ارب ڈالر رہ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.141 ارب ڈالر کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جولائی تا دسمبر 2023 کی مدت کے دوران تجارتی خسارہ 34 فیصد کم ہو کر 11.148 ارب ڈالر رہ گیا ہے ۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات بحال ہو چکی ہیں اور ان میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی 3 ارب ڈالر ماہانہ برآمدات کے اپنے ہدف تک پہنچ جائیں گے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ ہمارا 5 سالہ ہدف برآمدات کو 8 ارب ڈالر ماہانہ کی سطح تک پہنچانا ہے اور اس ہدف کو ہم سپیشل انوسٹمنٹ فیسلیٹیشن سنٹرز فریم ورک کے تحت انڈسٹری پالیسی کے نفاذ کے ذریعے حاصل کریں گے۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ وزارت تجارت پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مزید مستحکم کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور حالیہ مثبت اعداد وشمار حکومت کی جاری کوششوں اور پاکستانی کاروباری اداروں کی لچک کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں