لاہور(آئی این پی) شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بنائے گئے سستے یوٹیلٹی اسٹورز عوام کے لیے مہنگے اسٹور بن گئے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام مارکیٹ سے بھی زیادہ مہنگی ملنے لگیں۔سستی اشیا یوٹیلٹی اسٹوروں سے غائب ہیں، صارفین پریشان ہوگئے غریب عوام کو ریلیف کے دعوے زبانی جمع خرچ تک محدود ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹور پربھِی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام مارکیٹوں کے برابر ہیں جبکہ گھی، آٹا، چینی اور دالوں سمیت دیگر سستی اشیا اسٹوروں سے غائب ہوگئی ہیں، لوگ سستے آٹے، گھی اور چینی کیلئے باربار چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
آٹا، ٹوٹا باسمتی چاول، دال چنا، چینی، سفید چنے عام مارکیٹ سے مہنگے فروخت کیے جارہے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز پر سپر باسمتی چاول اور سیلاچاول بھی عام مارکیٹ سے مہنگے ہیں۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر سیلا چاول 55 روپے 45 پیسے مہنگے فروخت ہورہے ہیں، عام مارکیٹ میں سیلا چاول 314روپے 55 پیسے اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر 370 روپے کلو مل رہے ہیں۔اس کے علاوہ آٹے کا دس کلو والا تھیلا عام مارکیٹ میں 1400،یوٹیلٹی اسٹور پر1420روپے کے ریٹ میں مل رہا ہے سرخ مرچ عام مارکیٹ سے 180 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی۔کوکنگ آئل دس روپے ،دال مسور 25 اور دال چنا 28 روپے فی کلو مہنگی ہے، 140روپے فی کلو والی چینی یوٹیلیٹی سٹور پر160روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور نام کے سستے ہیں جو اشیاسستی ہیں وہ دستیاب ہی نہیں عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر عام صارفین کے لئے ختم کیا گیا ریلیف پیکج دوبارہ بحال کیا جائے اور اشیا کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں