پیاز کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا

لاہور(پی این آئی) پنجاب میں پیاز کی ہول سیل قیمت گزشتہ ایک ماہ کے دوران دو گنا ہو چکی ہے۔

ریٹیل قیمت بھی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 132سے 140روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 152سے 160روپے فی کلوگرام ہو چکی ہے۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور، ملتان، اوکاڑہ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں پیاز کی قیمت 87سے 103فیصد تک بڑھ چکی ہے۔6دسمبر تک 100کلوگرام پیاز کی قیمت 14ہزار 100روپے کے لگ بھگ تھی۔ حالانکہ ایک ماہ قبل 100کلوگرام پیاز کی قیمت صرف 6ہزار 800روپے تھی۔ پیاز کی قیمت میں اس دو گنا اضافے کے کئی عوامل ہیں، جن میں سپلائی کم ہونا اور برآمدات بڑھ جانا بڑی وجوہات ہیں۔ایک مارکیٹ کنسلٹنٹ نےبتایا ہے کہ بھارت کی طرف سے اگست میں پیاز کی برآمد پر 40فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی لاگو کر دی گئی تھی، جس کے سبب عالمی مارکیٹ میں پاکستانی پیاز کی مانگ بڑھ گئی۔ دوسری طرف سخت سرحدی پابندیوں کی وجہ سے افغانستان اور ایران سے بھی پیاز کی کھیپ پاکستان نہیں پہنچ رہیں۔ ان وجوہات کی بناءپر پاکستان میں پیاز کی قیمت ایک ماہ میں دو گنا تک بڑھ چکی ہے۔

مارکیٹ کنسلٹنٹ کا کہنا تھا کہ بھارت میں پیاز کی قلت ہونے اور قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے بھارتی حکومت نے پیاز کی برآمد پر ایکسپورٹ ڈیوٹی عائد کی تاکہ پیاز کی برآمد کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ملک میں سپلائی بہتر ہونے سے پیاز کی قیمتیں کم ہو سکیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے 2021ءمیں ساڑھے 14کروڑ ڈالر مالیت کا پیاز برآمد کیا۔ پاکستان سے پیاز کی زیادہ تر برآمد ملائیشیا، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، قطر اور اومان کو ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close