ڈالر کی قیمت 4 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی

لاہور (پی این آئی) ڈالر کی قیمت 4 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 284 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 285 روپے کی سطح پر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف قرض کی جلد موصولی کے امکانات اور بڑی بیرونی سرمایہ کاری کی آمد کی امید کی وجہ سے پاکستانی روپیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی روپے کی مسلسل بہتری کی وجہ سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 4 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔بدھ کے روز انٹر بینک میں ڈالر 23 پیسے کی کمی سے 284 روپے 14پیسے کا ہو گیا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 25پیسے کی کمی سے 285 روپے پر بند ہوئی۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قمیتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے۔ملک میں دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار500 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 300 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 18 ہزار 100 روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار114 روپے کی کمی ہوئی۔

جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 86 ہزار 986 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہےعالمی مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں 9 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 2928 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ جبکہ ملک کی کرنسی اور صرافہ مارکیٹوں سے مثبت خبریں ملنے کے ساتھ ساتھ سٹاک مارکیٹ سے بھی اچھی خبریں آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 63500پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا۔ تیزی کے سبب 67فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب 13ارب 85کروڑ 17لاکھ 81ہزار 959روپے کا اضافہ ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں