یوٹیلٹی اسٹورز سے خریداری کرنیوالوں کیلئے بُری خبر

لاہور (پی این آئی) یوٹیلٹی اسٹور اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہو گئے، ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹور پر دستیاب اشیاء کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے بھی زیادہ ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے مقصد سے قائم کیے گئے یوٹیلٹی اسٹورز عوام کیلئے رحمت کے بجائے زحمت بن گئے ہیں۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر حکومت کی جانب سے متعدد اشیاء پر سبسڈی دی جاتی تھی جس کے باعث ان اسٹورز پر دستیاب اشیاء کی قیمتوں اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں قدرے کم ہوتی تھیں۔ تاہم اب حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء پر دی جانے والی سبسڈی کے بدتریج خاتمے سے ناصرف غریب عوام کیلئے ریلیف مکمل طور پر ختم ہو گیا، بلکہ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اب دستیاب متعدد اشیاء کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے بھی زیادہ ہی۔ سرکاری دستاویز کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورزپرعام صارفین کیلئے فی کلو چینی کی قیمت 155روپے ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اوسط فی کلو چینی کی قیمت 136 روپے 90 پیسے ہو چکی۔

دال چنا یوٹیلٹی اسٹورز پر اوپن مارکیٹ سے فی کلو 21 روپے 42 پیسے مہنگی دستیاب ہے۔ اوپن مارکیٹ میں دال چنا کی فی کلو قیمت 230 روپے 58 پیسے ہے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر دال چنا 252 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سفید چنے اوپن مارکیٹ سے فی کلو 16روپے 71 پیسے مہنگے ہیں، اوپن مارکیٹ میں سفید چنوں کی فی کلو قیمت 388 روپے 29 پیسے ہے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر سفید چنا فی کلو 405 روپے میں دستیاب ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر سیلا چاول کی فی کلو قیمت 370 روپے مقرر ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں سیلا چاول کی فی کلو اوسط قیمت 316 روپے47 پیسے ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر ٹوٹا چاول اوپن مارکیٹ سے 3 روپے 80 پیسے مہنگا ہے، اسٹورز پر ٹوٹا چاول کی فی کلو قیمت 230 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ٹوٹا چاول کی اوسط فی کلو قیمت 226 روپے 30 پیسے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی بند ہو جانے کے بعد ملک بھر میں قائم یوٹیلٹی اسٹورز ویران ہی نظر آتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں