ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں کتنی کمی؟ اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے

اسلام آباد(آئی این پی )ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں0.06فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 41.13فیصد کی ریکارڈ سطح پر برقرار ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگی ہونے و الی اشیا میں لہسن کی قیمتوں میں4.61فیصد،پیاز 2.42فیصد، چکن 1.81 فیصد،آلو 1.69فیصد، دال مسور1.01 فیصد،دال مونگ 0.52 فیصد،ایل پی جی 0.76فیصد،ماچس0.52 فیصد،آگ جلانے والی لکڑی0.59 فیصد جبکہ آٹے کی قیمتوں میں0.54 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے جن 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں سے ٹماٹر کی قیمتوں میں5.78 فیصد،چائے 0.17 فیصد،چینی 0.20 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمت میں0.82 فیصد،کوکنگ آئل 1.31فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں0.33 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 34.87فیصد رہی۔اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 39.94فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 45.01فیصد ریکارڈ کی گئی،29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 42.11فیصد اور 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 38.98فیصد رہی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close