ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں درآمدی آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے سوئی ناردرن کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 1.20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح سوئی ناردرن کیلئے آرایل این جی کی نئی قیمت 13.49 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ سوئی ناردرن کیلئے اکتوبر میں آرایل این جی کی قیمت 13.33 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔اسی طرح اوگرا کی جانب سے سوئی سدرن کیلئے آرایل این جی کی قیمت میں1.17 فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد سوئی سدرن کیلئے آرایل این جی کی نئی قیمت 14.03 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔ اس سے قبل اکتوبر میں سوئی سدرن کیلئے آرایل این جی کی قیمت 13.87 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدی آرایل این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر2023 سے ہوگا۔دوسری جانب میڈیا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین 15 روز کی بجائے 7 روز بعد کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈز سے 5 روز میں تجاویز طلب کرلی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سات دنوں بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین کرنے کو مسترد کردیا ہے۔

چئیرمین ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت کو 15 دنوں کی بجائے 30 دن بعد قیمتوں کے تعین کی تجویز دی تھی لیکن حکومت اب سات دنوں بعد تعین کرنے کا پلان بنا رہی ہے، ایسوسی ایشن اس کو مسترد کرتی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر ہفتے بعد نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس طرح قیمتوں کے تعین سے پیٹرول پمپس ڈائی ہوجائیں گے۔مزید برآں وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح کمی کے بعد اکتالیس اعشاریہ تیرہ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں اٹھارہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ بارہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close