پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں، حکومت نے پلان تیار کریں

اسلام آباد (پی این آئی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین 15 روز کی بجائے 7 روز بعد کرنے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

میڈیا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین 15 روز کی بجائے 7 روز بعد کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈز سے 5 روز میں تجاویز طلب کرلی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سات دنوں بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین کرنے کو مسترد کردیا ہے۔چئیرمین ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت کو 15 دنوں کی بجائے 30 دن بعد قیمتوں کے تعین کی تجویز دی تھی لیکن حکومت اب سات دنوں بعد تعین کرنے کا پلان بنا رہی ہے، ایسوسی ایشن اس کو مسترد کرتی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر ہفتے بعد نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس طرح قیمتوں کے تعین سے پیٹرول پمپس ڈائی ہوجائیں گے۔یاد رہے 15روزہ پلان کے تحت حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ 16نومبر سے 30 نومبر تک پٹرول کی قیمت میں 2.04 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6.47روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، پٹرول 2.04روپے کمی کے بعد 281.34روپے لیٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6.47روپے کمی کے ساتھ296.71روپے فی لیٹر کردی گئی۔کیروسین آئل کی قیمت 6.07روپے کمی کے بعد 204.98 روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت 9.01روپے کمی کے بعد 180.45 روپے کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیئے ، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کی معمولی کمی ،سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 41.13 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔

close