42یا 90روپے؟ بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت کیا ہے؟ نگران وزیر توانائی نے وضاحت کردی

لاہور (پی این آئی) بجلی کا یونٹ 42 روپے کا یا 90 روپے کا؟ ، نگران وزیر توانائی محمد علی نے ملک میں بجلی کے فی یونٹ کی اصل اوسط قیمت بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر توانائی نے محمد علی نے ملک میں بجلی کے اصل نرخ کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔

نگران وزیر توانائی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کے یونٹ کی اوسط قیمت 90 روپے ہونے کی بات درست نہیں ہے، بجلی کے یونٹ کی اصل اوسط قیمت 42 روپے ہے۔ نگران وزیر کے مطابق بجلی بلز کی قیمت ہر سال ایک بار بڑھائی جاتی ہے، جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ ہر 3 ماہ بعد کی جاتی ہے۔ بجلی گھرمعاہدے اورچوری قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔ محمد علی کے مطابق ملک میں بجلی چوری کیخلاف جاری کریک ڈاون کے نتیجے میں ڈیڑھ ماہ کے دوران لائن لاسز اور خسارہ کم ہوا ہے۔ دوسری جانب بجلی کی اوور بلنگ کے حوالے سے ایک نیا سکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔ پہلے سے مہنگی بجلی کے باوجود صارفین سے اوور بلنگ کے ذریعے اربوں روپے اضافی وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیپرا ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں اگست کے بلوں میں اوور بلنگ ثابت ہوگئی۔ اربوں روپے کی اوور بلنگ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ملوث پائی گئیں۔ نیپرا ذرائع کے مطابق لیسکو اور حسیکو ریجن میں سب سے زیادہ اوور بلنگ ہوئی۔ ڈسکوز کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین سے نان پروٹیکٹڈ والے بل وصول کیے گئے اور اوور بلنگ کے لیے ریڈنگ میں تاخیر کا حربہ استعمال کیا گیا۔

ریڈنگ میں تاخیر کر کے پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ میں شامل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ کے بجائے جان بوجھ کر 3 سے 4 دن تاخیر سے ریڈنگ لی گئی۔ لیسکو اور حیسکو کے علاوہ دیگر ڈسکوز میں بھی اوور بلنگ ہوئی۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین سے بھی اوربلنگ کی گئی۔ ڈسکوز کی جانب سے میٹر تبدیلی کے نام پر بھی اضافی وصولیاں کی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close