پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بُری خبر

لاہور (پی این آئی) پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا معاملہ، صارفین ڈیزل پر کئی روپے کے ریلیف سے محروم رہ گئے، ڈالر کی ایڈجسٹمنٹ ڈیزل پر مزید ریلیف میں رکاوٹ بن گئی، ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے شہریوں کو ملنے والے ریلیف میں کمی آگئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشہ روز ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، تاہم ڈالر کی ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے شہریوں کو مکمل ریلیف منتقل نہیں کیا جا سکا۔ گزشتہ 3 ہفتوں سے ڈالرز مسلسل مہنگا ہونے کی وجہ سے فی لیٹر ڈیزل پر ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 2 روپے 85 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا، جبکہ فی لیٹر ڈیزل پر پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 22 پیسے بھی عائد کیا گیا ہے۔ ڈیزل کے فی لیٹر پر اضافی مارجن میں مزید 14 پیسے کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کے فی لیٹر پر اضافی مارجن 25 پیسے سے بڑھ کر 39 پیسے ہو گیا ہے۔ ڈیزل کے فی لیٹر پر او ایم سی مارجن 7.87 روپے الگ سے عائد ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر ڈیلرز مارجن 8.64 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔ اسی لیے ڈیزل کے خریدار ڈیزل کی قیمت کی مد میں کم از کم 3 روپے کمی کے ریلیف سے محروم رہ گئے۔

واضح رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آئندہ 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 4 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے کمی کر دی گئی۔ مٹی کا تیل بھی 6 روپے 5 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے سستا کر دیے گئے۔ یوں 16 نومبر سے پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 281 روپے 34 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 296 روپے 71 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 180 روپے 45 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 204 روپے 98 پیسے مقرر کر دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close