تیل قیمتیں کم ترین سطح پر آگئیں، عالمی مارکیٹ سے بڑی خبر

نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکٹ میں تیل کی قیمتیں چار ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق لندن برینٹ آئل اور امریکی خام تیل کی قیمت 23 جولائی کی کم سطح سے نیچے آگئیں۔ لندن برینٹ آئل 4.42 فیصد کمی سے 77.59 ڈالر فی بیرل تک گرگیا ہے، اسی کے ساتھ ایک دن میں امریکی خام تیل 3 ڈالر 60 سینٹس فی بیرل سستا ہوگیا اور لندن برینٹ آئل 3 ڈالر 60 سینٹس فی بیرل سستا ہوچکا ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 4.67 فیصد کمی سے 73.08 ڈالر فی بیرل تک آگئی ہے۔ دریں اثنا چین میں بھی انرجی کی طلب میں کمی کے خدشات پر تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوئی ہے۔ چین میں خام تیل کی ریفائننگ کی رفتار اکتوبر میں 2.8 فیصد سستا ہوکر 15.1 ملین بیرل یومیہ کے مساوی رہی جو ستمبر میں ریکارڈ بلند ترین سطح پر تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی سے پاکستان میں بھی عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ نگران وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آئندہ 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی۔ نگران حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 4 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے کمی کی گئی۔ مٹی کا تیل بھی 6 روپے 5 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے سستا کیا گیا۔ یوں 16 نومبر سے پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 281 روپے 34 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 296 روپے 71 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 180 روپے 45 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 204 روپے 98 پیسے مقرر کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق سمری بدھ کو نگران وزیر اعظم کو بھجوائی گئی تھی۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 15 سے 30 نومبر کے عرصے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

گزشتہ2 ہفتوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت3 فیصد کم ہوئی، اسی دوران خام تیل کی قیمت 85.19 ڈالر سےکم ہوکر82.63 ڈالر ہوگئی۔ اسی باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ تاہم گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قدر میں دوبارہ سے اضافہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل ریلیف منتقل نہیں کیا جا سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close