لاہور (پی این آئی) آٹے کی قیمت میں 100 فیصد سے زائد اضافے کی منظوری دے دی گئی، فی کلو آٹے کی قیمت میں 75 روپے کا ہوشربا اضافہ، محکمہ خوراک پنجاب نے گندم اور آٹے کے ریٹ مقرر کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے آٹے کی سرکاری قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ کابینہ کمیٹی کی منظوری کے بعد محکمہ خوراک پنجاب نے گندم اور آٹے کے ریٹ مقرر کر دیئے۔ محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے گندم اور آٹے کے ریٹ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو آٹے کی قیمتوں میں 75 روپے کا ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت 65 روپے سے بڑھا کر 140 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ گندم کا فی من ریٹ 4700 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کا ایکس مل ریٹ 1374 روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم 10 کلو آٹے کے تھیلے کا پرچون ریٹ 1399 روپے مقرر ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 2022 میں گندم کا فی من ریٹ 2300 روپے تھا جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا ایکس مل ریٹ پر655 روپے میں دستیاب تھا، اسی طرح 2022 میں 10 کلو آٹے کا تھیلا پرچون میں 650 روپے میں فروخت ہوتا تھا جبکہ فی کلو آٹا 65 روپے میں ملتا تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی آٹے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فلور ملز کے مطابق سرکاری گندم کی فراہمی میں تاخیر کے باعث آٹے کے دام میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں فی من گندم کی قیمت 200 اضافے کے بعد 4800 روپے تک پہنچ گئی جب کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 100 مزید روپے بڑھ کر 2800 روپے ہوگئی۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اس اضافے کے بعد پرچون میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکو مت پنجاب کی جانب سے فلور ملوں کیلئے 4700روپے فی من اجرائی نرخ کوغیر حقیقی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ گندم کے اعلان کردہ اجرائی نرخ فوری واپس لئے جائیں،حکومت از سر نو جائزہ لے کر مناسب نرخوں کا اعلان کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں