اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم نومبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہو گا اور آئندہ 15 دن کےلیے پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمت برقرار رہے گی۔پیٹرول کی قیمت 283 روپے 38 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 211 روپے 3 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے۔لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 189 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ادھر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 117.47روپے کمی کا اعلان کردیا ۔ اوگرا کی جانب سے منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم نومبر سے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلوکمی کردی گئی۔ اوگرا نے ایل پی جی10روپے فی کلو،گھریلو سلنڈ 117روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت452روپے کمی کردی۔
اوگرا کے مطابق سرکاری پیداواری قیمت میں 8437 روپے فی میٹرک ٹن کمی ہوئی ہے جس کے بعد اب ایل پی جی261روپے فی کلوکی جگہ251روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر3080روپے کی جگہ2962روپے اور کمرشل سلنڈر11849 روپے کی جگہ11397 روپے ملک بھر میں دستیاب ہو گی۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمت میں اضافے کے باوجود ایل پی جی کی قیمت میں کمی ڈالر کی قیمت کنٹرول کرنے کے باعث ایل پی جی کی قیمت میں کمی واقع ہوئی۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق اکتوبر میں ایل پی جی کے 11.8کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3079.64 روپے تھی جبکہ یکم نومبر سے مقررہ نئی قیمت کے مطابق 117.47 روپے کی کمی کے ساتھ گھریلو سلنڈر کی قیمت 2962.17 روپے مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم نومبر سے کردیا گیا ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں