عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا، حکومت نے گیس قیمتوں میں اضافہ کر دیا

لاہور( پی این آئی ) وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، گیس صارفین کیلئے نئے ٹیرف کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا، گیس صارفین کے فکسڈ چارجز میں 3900 فیصد اضافے کا اطلاق بھی کر دیا گیا۔

قبل ازیں نگراں وفاقی وزیرتوانائی محمد علی نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گیس نہ صرف مہنگی ہوگی بلکہ ملے گی بھی مشکل سے ہی۔اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرتوانائی نے کہا کہ گھریلو صارفین کو موسم سرما میں صبح، دوپہر اوررات کے اوقات میں مجموعی طور8گھنٹے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صارفین کوگیس صرف صبح، دوپہراورشام کے اوقات میں ہی ملے گی، گھریلو صارفین کو ایل پی جی پرجانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنی گیس دستیاب ہے اسی کے مطابق فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دسمبرکیلئے 2اضافی ایل این جی کارگوزکا بندوبست کرلیا ہے جبکہ جنوری کیلئے دو مزید ایل این جیز کارگوز سپاٹ مارکیٹ سے خریدے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے گیس کنکشنز پرپابندی برقراررہے گی کیونکہ ان کیلئے ملک میں گیس ہی موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے غریب صارفین پرزیادہ بوجھ نہیں ڈالا، گیس قیمتوں میں صرف ان کیلئے فکسڈ چارجز 10روپے سے بڑھا کے 400 روپے کئے ہیں۔ ایک سوال میں انہوں نے کہا کہ گیس قیمتوں سے متعلق حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی تاہم اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جن قیمتوں کی منظوری دی ہے اس کے بعد ساڑھے 4ہزارارب روپے سے زائد توانائی کے گردشی قرض میں مزید اضافہ نہیں ہوگا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close