رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کتنے فیصد کم ہو گئی؟ کون سی 14 اشیا مہنگی جبکہ 17 سستی ہو گئیں؟ سرکاری اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) حکومتی اقدامات کے باعث ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے باعث حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں0.33 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 29.65 فیصد ہوگئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 14اشیا مہنگی جبکہ 17 سستی ہوئی ہیں آلو، ٹماٹر، انڈے، دال مونگ، نمک، لہسن ، گوشت اورسگریٹ مہنگے ہوگئے، جبکہ دالوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

دال ماش ،دال چنا، دال مسور کی قیمت میں اوسطا آٹھ روپے فی کلو تک کمی ہوئی۔اسی طرح چکن 36 روپے، ایل پی جی سلنڈر 50 روپے سستا ہوا جبکہ چینی کی فی کلو قیمت تین روپے تک کم ہوئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 44 روپے 36 پیسے سستا ہوا۔ چاول، پیاز، چینی، گڑ اور کیلے بھی سستے ہوئے۔ تازہ دودھ ،دہی خشک دودھ سمیت 20 اشیا کے دام مستحکم رہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 28.66فیصد رہی۔17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 28.67فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے گرانی کی شرح 0.09فیصد رہی۔اسی طرح 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 29.97فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے گرانی کی شرح 29.61فیصدرہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں