گیس صارفین کیلئے فکسڈ چارجز میں اضافہ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) اب گھریلو گیس صارفین کو گیس استعمال نہ کرنے پر بھی ہزاروں روپے ادا کرنا ہوں گے، گیس صارفین کیلئے فکسڈ چارجز میں 3900 فیصد اضافہ کر دیا گیا، یکم نومبر سے فکسڈ چارجز کی مد میں 120 روپے کے بجائے ہزاروں روپے وصول کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک بھر کے گیس صارفین کیلئے ناصرف گیس کے ٹیرف میں، بلکہ فکسڈ چارجز میں بھی ہوشربا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گھریلو گیس صارفین سے وصول کیے جانے والے فکسڈ چارجز میں 3900 فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ گھریلو گیس صارفین سے حکومت کی جانب سے ماہانہ 10 روپے جبکہ سالانہ 120 روپے وصول کیے جاتے تھے۔ تاہم اب گھریلو گیس صارفین سے فکسڈ چارجز کی مد میں ماہانہ 400 روپے جبکہ سالانہ 4 ہزار 800 روپے وصول کیے جائیں گے۔ یعنی اگر کوئی گیس صارف پورا سال ایک روپے کی بھی گیس استعمال نہ کرے، تو بھی اسے 4 ہزار 800 روپے سالانہ ادا کرنا ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نومبر 2023سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرِ صدارت پیر کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے مالی سال 2023-24 کے لیے قدرتی گیس کی فروخت کی قیمتوں پر نظرثانی کے حوالے سے جمع کرائی گئی سمری پر بھی غور کیا گیا۔ ای سی سی نے تفصیلی بحث اور غور و خوض کے بعد وزارت کی طرف سے پیش کردہ ٹیرف شیڈول کے مطابق سمری کی منظوری دے دی۔ فیصلہ کیا گیا کہ گیس کا نیا ٹیرف یکم اکتوبر 2023 کی بجائے یکم نومبر 2023 سے لاگو ہوگا۔ جبکہ وفاقی کابینہ سے گیس مہنگی کرنے کے فیصلے کی منظوری لی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد صارفین سے 395 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔ دوسری جانب گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے باعث صارفین پر پڑنے والے بوجھ کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 1 ایم ایم بی ٹی یو تک گیس استعمال کرنے والوں کیلئے گیس سب سے زیادہ مہنگی ہو گی۔

دستاویز کے مطابق 1 ایم ایم بی ٹی یو استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس قیمت 2 ہزار سے بڑھ کر 35 سو جبکہ 1 ایم ایم بی ٹی یو گیس سے زائد استعمال کرنے پر قیمت 31 سو سے بڑھ کر 4 ہزار ہو جائے گی۔ ماہانہ 0.6 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 3 سو سے بڑھ کر 6 سو روپے ہو جائے گا، ماہانہ 1 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 4 سو سے بڑھ کر 1 ہزار روپے ہو جائے گا۔ دستاویز کے مطابق ماہانہ 1.5 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 6 سو سے بڑھ کر 12 سو روپے ہو جائے گا جبکہ ماہانہ 2 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 8 سو سے بڑھ کر 16 سو روپے ہو جائے گا۔ ماہانہ 3 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 11 سو سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہو جائے گا جبکہ ماہانہ 4 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 2 ہزار سے بڑھ کر 35 سو روپے ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں