مہنگائی میں کمی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں کتنی کمی ہوگئی؟ اچھی خبر

لاہور(پی این آئی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد چاول اور دالیں سستی ہوگئیں، چاول کی قیمت میں 25 روپے فی کلو اور دالوں کی قیمت میں 15 روپے سے 30 روپے فی کلو کمی کردی گئی۔

 

 

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مہنگائی میں کمی کیلئے غلہ منڈی، فروٹ وسبزی منڈی اور پولٹری ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے مذاکرات کیے گئے۔ مذاکرات کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تعین کرنے والی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی کی سفارشات پر اشیائے ضروریہ کی نئی قیمتوں کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگائی میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، جس کے تحت چاول کی قیمت میں 25 روپے فی کلو، دال چنا 15 روپے، دال مسور 30 روپے فی کلو، کالے چنے کی قیمت 10 روپے اور سفید چنا فی کلو قیمت 30 روپے کم کردی گئی ہے۔ بیسن کی فی کلو قیمت میں بھی 20 روپے کمی کر دی گئی ہے۔

 

 

یاد رہے گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں پر لاری اڈا پر بھی گئے اور وہاں مسافروں سے بسوں کے کرایوں میں کمی سے متعلق معلوم کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے،عوام کو مہنگائی میں تھوڑا سا ریلیف ضرور ملے گا، یہ ہم کسی پر احسان نہیں کررہے بلکہ عوام کا حق ہے، آئندہ دنوں میں مہنگائی میں کمی کے حوالے سے مزید اچھی خوشخبریاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے، چینی 140 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، کوشش ہے مزید کمی ہوجائے ، فلوملز ایسوسی ایشن نے بھی آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے، آٹا سستا ہونے سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا، آٹے کی قیمت 15روپے فی تھیلا کم کرنے کا اعلان کیا ہے، پنجاب کی گندم کو ریلیز کریں گے، جس سے عام آدمی کو سبسڈی دیں گے، اگر 3500 سے 4000 ہزار کے درمیان کرتے ہیں تو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بڑی کمی ہوجائے گی، آٹے کی قیمتوں میں آئندہ 3 سے 4 روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔

 

 

 

گھی کی قیمت میں 15روپے فی کلو کمی آئی ہے،صرافہ ایسوسی ایشن نے بھی ملاقات ہوئی۔ پولٹری میں بھی 12سے 15فیصد یعنی 110روپے فی کلو چکن گوشت کی قیمت کم کردی گئی ہے۔ پولٹری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر مرغی کی خوراک کے بیگ میں 1000روپے کمی آگئی تو مرغی کا گوشت 250روپے فی کلو پر آجائے ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے۔ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کاروائی جاری رکھی جائے گی، پنجاب کی تمام ایڈمنسٹریشن عوام کی بہتری کیلئے کام کررہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں