ڈالر مہنگا ہوتے ہی سونے کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہوگیا

لاہور (پی این آئی) ڈالر کیساتھ سونا بھی مہنگا ہو گیا، ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ روپے سے زائد ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق سونے کی عالمی ومقامی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 46ڈالر بڑھ کر 1938روپے پر آگئی۔ اس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹس میں فی تولہ سونے کے دام 4900 روپے بڑھ کر دو لاکھ 2 ہزار روپے (202000) پر آگئے۔ جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 4201 روپے کے اضافے سے 173182 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں بھی دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ پاکستانی روپے کی مسلسل اونچی اڑان کو 28 دن بعد بریک لگ گئی، منگل کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت گزشتہ روز کی سطح پر برقرار رہی۔ ڈالر کی غیر قانونی لین دین اور اسمگلنگ کیخلاف گزشتہ ماہ شروع کیے گئے کریک ڈاون کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت میں کمی اور پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوا جو 28 دن تک جاری رہنے کے بعد آج منگل کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں 3 سال بعد روپے کی قدر میں اضافے کا 28 روزہ طویل تسلسل دیکھا گیا، اس سے قبل سال 2020ء میں کورونا کے بعد روپے کی قدر میں اضافے کا تسلسل 22 روز تک جاری رہا تھا۔ گزشتہ 28 کاروباری ایام کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 30 روپے 24 پیسے کی کمی ہوئی، جبکہ اس عرصے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 60 روپے سے بھی زائد سستا ہوا۔ تاہم ڈالر سستا ہونے کا یہ سلسلہ منگل کے روز ٹوٹ گیا، رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر بھی ڈالر کی تنزلی برقرار رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1 روپے 23 پیسے کی کمی سے 275 روپے 60 پیسے کی سطح پر آگئی تھی۔ بعد ازاں دوپہر کو ڈالر کی مزید تنزلی کا تسلسل رک گیا اور ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 34 پیسے کے اضافے سے 277 روپے 20 پیسے پر آگئے تھے تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے کے اضافے سے 277 روپے 3 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔ دوسری جانب منگل کے روز اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی نہیں ہوئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 277روپے پر مستحکم رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close