نیویارک (پی این آئی) چند ہی گھنٹوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہو گئیں، برطانوی خام تیل کی قیمت 87 ڈالرز سے بھی کم ہو گئی، امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 84 ڈالرز کی سطح تک گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں دوران کاروبار خام تیل کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں مزید کمی نہ کئے جانے کا امکان ہے، اسی لیے دوران کاروبار عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں دو ڈالر سے زائد کی کمی ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 15دنوں میں 7 ڈالرز سے زائد کم ہو چکی۔ برطانوی خام تیل 87 ڈالر فی بیرل کی سطح سے نیچے ٹریڈ ہو رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 84 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ریفائنری سنرجی کو نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار نجی طور پر روس سے خام تیل درآمد کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مالی مشکلات کا شکار پاکستان ماسکو سے رعایتی نرخوں پر تیل حاصل کرکے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد یورپی منڈیوں کے لیے اس کی برآمدات پر پابندی کے بعد ماسکو کی جانب سے رعایت کے پیش نظر جنوبی ایشیائی ملک نے خام تیل خریدنے کرنے کی کوششیں شروع کیں۔
حکومت کی جانب سے روس سے درآمد کردہ پہلا کارگو جون میں پاکستان پہنچا تھا جبکہ حکومت سے حکومت کے درمیان دوسرے شپمٹنس کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ یہ فرض کیا گیا ہے کہ نجی درآمدات تجارتی طور پر قابل عمل نہیں ہوں گی کیونکہ دیگر چیزوں کے علاوہ کارگو کو تقسیم کرکے چھوٹے جہازوں کے ذریعے منتقل کرنا پڑتا ہے کیونکہ پاکستانی بندرگاہیں بڑے ٹینکرز کو سنبھال نہیں سکتیں۔ کمپنی ترجمان نے میڈیا سوالات کے جواب میں کہا کہ سنرجی کو نے اپنی ’سنگل پوائنٹ مورنگ‘ کا استعمال کیا، جس کے ذریعے ڈیپ ڈرافٹ ٹینکرز کو سنبھالا جاسکتا ہے، اور خام تیل کو جنوب مغربی شہر حب میں ریفائن کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ ایک لاکھ ٹن یورلس خام تیل کی شپمنٹ کمپنی کے ساتھ ملک کے لیے بھی اہم سنگِ میل ہے، جو کمپنی کی مختلف قسم کے خام تیل کو ریفائن کرنے کی تیاری اور قابلیت کا مظاہرہ ہے۔سنرجی کو پاکستان میں سب سے بڑی ریفائنری چلاتی ہے، جس کی یومیہ صلاحیت ایک لاکھ 56 ہزار بیرلز کی ہے، جو ملک کی کل 4 لاکھ 50 ہزار صلاحیت کا ایک تہائی بنتا ہے،یہ واحد ریفائنری ہے جو سنگل پوائنٹ مورنگ کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں