ڈالر کی اسمگلنگ کیسے رک گئی؟

اسلام آباد (آئی این پی )نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے اب ڈالر کی غیرقانونی منتقلی رک گئی ، آنے والے دنوں میں پاکستان کی معیشت میں مزید استحکام آئیگا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پیسہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے استعمال ہوتا رہا، اوورسیز پاکستانیوں کا بھیجا گیا پیسہ غیرقانونی طریقے سے باہر منتقل ہو رہا تھا، آنے والے دنوں میں پاکستان کی معیشت میں مزید استحکام آئیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک سے آزاد تجارت اور سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے، معاہدے کے تحت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری آئیگی، 2009 میں خلیج تعاون کونسل کا فورم بنا جس میں 6 ممالک ہیں، 14سال بعد خلیج تعاون کونسل نے پہلی بار کسی ملک کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا ہے، معاہدے کے لیے سعودی عرب نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو سردیوں میں توانائی کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، ہم نے آج ہی دو ایل این جی کارگوز دسمبر کے لیے منگوائے ہیں، دسمبر میں توانائی ضروریات کو پورا کیا جائیگا، افغان ٹرانزٹ معاہدے میں قانون کے مطابق بہتری لائی گئی ہے، بجلی کا کریک ڈائون جاری ہے، اب تک 16 ارب روپے کی ریکوری ہوچکی ہے۔ نگران وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور نگران وزیراعظم کا معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے، اگست میں 2 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ اور 2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر تھیں، اگست میں درآمدات 4 ارب ڈالرکی تھیں، اس سال کپاس کی بمپر پیداوار کی امید ہے، چاول کی برآمدات بھی بڑھیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close