ڈالر اوپن مارکیٹ میں 11 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گیا

کراچی(پی این آئی) ڈالر کی روپے کے مقابلے میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے امریکی ڈالر کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں ریورس گیئرمیں رہا اور روپیہ کو استحکام ملا۔ ایکسپریس کے مطابق ہفتہ وار کرنسی رپورٹ کے مطابق غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث مشکوک شعبوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی وجہ سے رواں ہفتے ڈالر تنزلی کا شکار رہا جب کہ ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید 1.38فیصد مضبوط ہوا۔ ڈالر کے انٹربینک و اوپن ریٹ میں فرق مزید گھٹ کر 0.09فیصد رہ گیا۔

رواں ہفتے کریک ڈاؤن سے خوفزدہ عناصر نے ڈالر کی فروخت کے لیے مارکیٹوں سے رجوع کیا، جس کی وجہ سے سٹہ بازی ختم ہونے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 7ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئے جب کہ اوپن ریٹ 11ہفتے کی کم ترین سطح پر ہیں۔ نتیجتاً ڈالر کے انٹربینک ریٹ 288روپے سے نیچے اور اوپن ریٹ 288روپے کی سطح پر ہیں۔منی چینجرز، ایکسچینج کمپنیوں کی سخت نگرانی اور کاروائیوں سے روپیہ مضبوط ہوگیا۔ ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر پاؤنڈ، یورو، درہم اور ریال کی قدر میں کی کمی کا سلسلہ برقرار رہا اور ڈالر کے انٹربینک و اوپن ریٹ میں فرق مزید گھٹ کر 27پیسے رہ گیا۔

رواں ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 4.03روپے گھٹ کر 287.73روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3.50روپے کی کمی سے 288 روپے ہوگئی ۔ برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 8.06روپے گھٹ کر 349.86 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 18روپے کی کمی سے 353روپے ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close