روپیہ مسلسل تگڑا ہونے لگا، ڈالر کی قیمت 7 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی

لاہور (پی این آئی) ڈالر کی قیمت 7 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی، انٹربینک میں مسلسل 16 ویں دن روپے کی قدر میں اضافہ، ڈالر کی قیمت 290 روپے کی سطح سے نیچے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق 46دن کے بعد ڈالر کے انٹربینک ریٹ 290 روپے سے بھی نیچے آگئے جبکہ اوپن ریٹ 293 روپے کے ساتھ 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 1 روپے 26 پیسے کی کمی سے 289 روپے 60 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن وقفے وقفے سے محدود پیمانے پر زرمبادلہ کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 98 پیسے کی کمی سے 289 روپے 80 پیسے پر بند ہوئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے کی بڑی کمی سے 291روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اس طرح سے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فرق صفر اشاریہ 41 فیصد یا 1 روپے 20 پیسے رہ گیا ہے، نگراں وزراء کا ڈالر کی بہ نسبت روپے کی قدر کو بہرصورت مستحکم رکھنے کے بیانات سے ڈالر کی نسبت روپے کی قدر یومیہ بنیادوں پر نہ صرف بڑھ رہی ہے بلکہ ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ملک گیر سطح پر کریک ڈاؤن سے مارکیٹ سینٹی منٹس بھی بہتر ہوتے جارہے ہیں۔

نگراں وزیر تجارت اور وزیر خزانہ کی تاجر و صنعت کاروں سے کی جانے والی ملاقاتوں میں مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے کی کوششیں ان شعبوں کا اعتماد بحال کرنے میں معاون ثابت ہورہی ہیں جبکہ وہ ایکسپورٹرز جو ڈالر کی قدر میں بڑے اضافے کی امید پر ایک ماہ قبل تک اپنی برآمدی آمدنی ملک میں لانے سے گریز کررہے تھے وہ اب ملک میں اپنی برآمدی ترسیلات نہ صرف لارہے ہیں بلکہ مارکیٹ میں ڈالر بھنا بھی رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close