موٹرسائیکل خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر آگئی

کراچی (پی این آئی) پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک اور پاکستان کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم دراز نے پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کو فروغ دینے کیلئے شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس شراکت داری کے تحت میزان بینک ملک بھر میں دراز ڈیلیوری اسٹاف/رائیڈرز کو الیکٹرک بائیکس کیلئے شریعہ کے مطابق فنانسنگ فراہم کرے گا۔معاہدے پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس سید افتخار الحق اور دراز کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد تنویر نے دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں دستخط کیے۔ اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس سید افتخار الحق نے کہاکہ ہم ملک میں الیکٹرک بائیکس کو فروغ دینے کیلئے دراز کے ساتھ شراکت داری پر پُرجوش ہیں۔ہم ایمیشنز کوکم کرنے،ایک کفایتی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن سلوشن فراہم کرنے کیلئے مل کر کام کررہے ہیںجس سے ہمارے ماحول اور مقامی کمیونٹی دونوں کو فائدہ ہوگا۔اس موقع پر دراز کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد تنویرنے کہاکہ ہم ایک سرسبز و شاداب اورپائیدار پاکستان کیلئے فعال طورپر سپورٹ کرتے ہوئے اپنے صارفین کے ڈیلیوری کے تجربے کو بڑھانے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہیں۔

ہمیں امید ہے کہ میزان بینک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم نہ صرف ذمہ دارانہ ماحولیاتی طرزِ عمل کی حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوںکے پیشِ نظر اپنے رائیڈرز کواقتصادی طورپر بہتر قابل عمل حل بھی فراہم کرسکیں گے۔ میزان بینک اور دراز کی یہ مشترکہ کاوش ملک میں ایک صاف اورپائیدارٹرانسپورٹیشن مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں