لاہور (پی این آئی) ڈالر کی قیمت 6 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی، کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر مزید 2 روپے سستا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر مزید سستا ہو کر 6 ہفتے کی کم ترین سطح پر آگیا۔ پیر کے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 90 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 290 روپے 86 پیسے کی سطح پر بند ہوا ہے۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 293 روپے پر آ گیا۔ رواں ہفتے کے دوران انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر 290 روپے کی سطح سے نیچے آ جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت 260 روپے تک گرنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے ڈالر 260 پر آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آج 260 روپے ایکسچینج ریٹ بنتا ہے، جس نے ڈالر اگر باہر روکے ہوئے ہیں وہ منگوا لیں اور جس کے پاس بھی امریکی کرنسی ہے وہ اسے وائٹ کروالیں۔اب سختی سے نگرانی کی جارہی ہے تاکہ اس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت نہ بڑھے اور اسمگلنگ کی روک تھام بھی ہو۔ جبکہ ملک کے ڈالرز ذخائر میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ ہفتے کے دوران سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار 10 کروڑ80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 15 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران سرکاری ذخائر میں 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ۔مرکزی بینک کے مطابق سرکاری ذخائر کی مالیت 7 ارب 69 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی، 15 ستمبر کو مجموعی ذخائر کی مالیت 13 ارب 18 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 49 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں