نگران حکومت نے بجلی قیمتوں میں سبسڈی سے متعلق اپنا فیصلہ سناد یا

اسلام آباد (پی این آئی) نگران وفاقی وزیرتوانائی محمد علی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں بڑی سبسڈی ممکن نہیں، گیس کی قیمتوں میں ردوبدل کا جلد اعلان کردیں گے۔

انہوں نے لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں ردوبدل کا جلد اعلان کردیں گے، گیس کی قیمتوں کا مسئلہ جلد حل ہوجائےگا، کوشش کررہے ہیں کہ کمزور طبقے پر بوجھ نہ پڑے اور گیس کی قلت بھی نہ پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہیں، بجلی کی قیمتوں میں بڑی سبسڈی ممکن نہیں، بجلی چوری کیخلاف سخت اقدامات کررہے ہیں، اب تک 6 ارب روپے کی بجلی چوری کو روکا جاچکا ہے۔ اسی طرح نگران وفاقی وزیر گوہراعجاز نے لاہورچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کا ملکی معیشت میں ایک اہم حصہ ہے، صنعتکاروں کے مسائل کودور کرنا اولین ترجیح ہے، معیشت کی بہتری کیلئے تاجر، صنعتکار اہم کرداراداکرسکتے ہیں، حکومتی کوششوں سے اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدرمیں واضح کمی آئی، کاروباری طبقے کو اضطراب میں آنے کی کوئی ضرورت نہیں.تاجر ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں، پاکستا ن کو اپنی برآمدات میں بے پناہ اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید برآں نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا کہ نجکاری کا عمل سب کے سامنے رکھا جائے گا اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے، اسٹیل مل کی آپریٹو سائیڈ کی نجکاری ہوگی۔ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری ہے، پی آئی اے بہترین روٹس ہونے کے باوجود خسارے میں ہے، نجکاری کی وجہ سے حکومت پی آئی اے کے کسی بھی ملازم کو فارغ نہیں کررہی ۔ مضبوط معیشت کیلئے نجکاری کا عمل فاسٹ ٹریک پر ڈالنا ضروری ہے، جو کام تین سال میں نہیں ہوئے ان کا پراسس 3ماہ میں ضرور مکمل کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close