بالآخر تیل قیمتوں میں پھر کمی ہوگئی

نیو یارک (پی این آئی ) عالمی منڈی میں 100 ڈالر فی بیرل کی طرف بڑھتی خام تیل کی قیمت کو بریک لگ گئی۔عالمی میڈیا کے مطابق یو ایس فیڈرل ریزرو کے سود کی شرح کے فیصلے سے قبل بدھ کو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 10 ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق عالمی بینچ مارک میں برینٹ کروڈ فیوچر کی قیمت تقریبا ایک ڈالر کمی کے بعد 93.33 ڈالر فی بیرل پر آگیا جو گزشتہ روز 93.54 فی بیرل پر تھا۔ اس سے قبل برینٹ کروڈ تقریبا 96 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ گیا تھا۔یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر گزشتہ روز 93.74 ڈالر فی بیرل کی 10 ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچنے کے بعد 0.8 فیصد یا 75 سینٹ کم ہوکر 90.45 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ اکتوبر کا ڈبلیو ٹی آئی معاہدہ بدھ کو ختم ہو رہا ہے اور نومبر کا زیادہ فعال معاہدہ 70 سینٹس، یا 0.8 فیصد کم ہو کر 89.78 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔واضح رہے کہ مجموعی طور پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے، ایک طرف چین میں تیل کی طلب بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف روس اور سعودی عرب کی جانب سے پیداوار میں کٹوتی کی گئی۔ جس کے بعد جون سے اب تک تیل کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں