پی ٹی سی ایل اور ڈائناسیس نے انٹرنیٹ آف تھنگز اور سیٹلائٹ کمیونی کیشنز کے فروغ کے لیے اشتراک قائم کر لیا

اسلام آباد۔ 12 ستمبر2023: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور ڈائنا سیس نیٹ ورکس (DynaSys) نے راولپنڈی کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) میں منعقدہ ایک تقریب میں دو مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
دستخط کی تقریب کی صدارت پی ٹی سی ایل اور یوفون 4Gکے گروپ وائس پریذیڈنٹ کیرئیر سروسز ،عامر اعجاز اور ڈائنا سیس نیٹ ورکس کے بانی و سی ای او ،علی اختر نے مشترکہ طور پر کی۔ تقریب میں این اے ایس ٹی پی کی قیادت کے ساتھ ساتھ دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) سے متعلق معاہدے کے تحت ڈائنا سیس کے آئی او ٹی پلیٹ فارم اور اینڈ یوزر ڈیوائسز کو پی ٹی سی ایل کے کلاؤڈ اور سائبر سیکیورٹی انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ وائرڈ اور وائرلیس ٹرانسمیشن نیٹ ورکس کے ساتھ مربوط کرنے کے لئے تکنیکی فریم ورک فراہم کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں مکمل طور پر مربوط اور اپنی نوعیت کی پہلی آئی او ٹی سروس پاکستان بھر کے صارفین کے لیے تجارتی طور پر دستیاب ہوگی۔ دونوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئی او ٹی کے شعبے میں مشترکہ طور پر پاکستان کا سب سے بڑا آئی او ٹی سروس فراہم کنندہ اور ملک بھر میں دس لاکھ فعال صارفین کو خدمات فراہم کرنے والا اولین ادارہ بننا چاہتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے گروپ وائس پریذیڈنٹ کیریئر سروسز، عامر اعجاز نے کہا ، ’’ہم اپنے کاروباری صارفین کی آئی او ٹی اور سیٹلائٹ کمیونی کیشن ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈائنا سیس کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے پر خوش ہیں۔ ٹیلی کام کے شعبے میں مارکیٹ لیڈر کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے ذریعے لوگوں کے طرز زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اس مقصد کے حصول میں اس طرح کی شراکت داری سے ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی جدید ترین، اختراعی اور کم خرچ حل فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ ، اس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں بھی معاونت حاصل ہو گی۔‘‘
اس موقع پر ڈائنا سیس نیٹ ورکس کے بانی و سی ای او، علی اختر نے کہا، ’’ڈائنا سیس اور پی ٹی سی ایل نے آج جس فریم ورک پر باضابطہ طور پر دستخط کیے ہیں وہ پاکستان میں آئی او ٹی کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔ یہ پلیٹ فارم اب تک ایک گم شدہ کڑی تھی جسے اب ہم نے مکمل کیا ہے۔ آنے والے مہینوں میں ہم پاکستان کی پہلی مکمل آئی او ٹی سروس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ سیٹلائٹ مواصلات کے شعبے میں یہ فطری طو ر پر دونوں اداروں کا ٹیلنٹ مارکیٹ میں موثر اثر و نفوذ کے لئے مربوط طریقے سے کام کرے گا۔ ہم پاکستان میں سیٹلائٹ کمیونی کیشن کے شعبے کی قیادت کرنے اور خطے کے دیگر ممالک تک خدمات کو وسعت دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ ‘‘
یہ مفاہمتی یادداشتیں ڈائنا سیس کی سیٹلائٹ کمیونی کیشن ٹیم کی شاندار تکنیکی اور تجارتی مہارت کو پی ٹی سی ایل کے وسیع سیٹلائٹ کمیونی کیشن انفراسٹرکچر اور پاکستان میں سیٹلائٹ سروسز کی فراہمی کی قابل فخر تاریخ سے ہم آہنگ کریں گی۔ اس شراکت داری کے ذریعے دونوں کمپنیاں نہ صرف پاکستان کے سب سے بڑے سیٹلائٹ کمیونی کیشن سسٹم انٹیگریٹرز اور سروس فراہم کنندہ بننے کی جانب رواں ہیں بلکہ اس کا ایک اہم مقصد پورے خطے میں اپنے مارکیٹ شیئر میں نمایاں اضافہ کرنا بھی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں