اسلام آباد (پی این آئی) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس میں ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے برابر لانے کے لیے ہر ممکن کارروائی کا فیصلہ ہوا ہے۔
گذشتہ ہفتے ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق عسکری قیادت نے کہا کہ ڈالر کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق لانے تک ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت اس وقت 250 روپے کے لگ بھگ ہے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ روپے کی قیمت مارکیٹ کے مطابق لانے کے لیے ایف آئی اے، حساس ادارے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک مل کر کارروائیاں کریں۔ایس آئی ایف سی اجلاس میں طے کیا گیا کہ بجلی چوری کا خاتمہ بھی ترجیح رہے گا، انٹیلی جنس بیورو بجلی چوری میں مدد کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی فہرستیں بنائے گی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کی تبدیلی اور تعیناتی کے بجائے فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر انٹربینک میں سے بھی سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3.50 روپے سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300.50 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریداری 298 روپے تک ہونے لگی۔گذشتہ ہفتہ کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 304 روپے پر بند ہوا تھا۔ جب کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 1.55 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ انٹربینک میں ڈالر 301.40 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ گذشتہ ہفتہ کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 302.95 روپے پر بند ہوا تھا۔علاوہ ازیں ڈالر سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ایف آئی اے نے کوئٹہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈالر سمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں