ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں کتنی کمی ہوگئی؟ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ جاری

لاہور (پی این آئی) ملک کے ڈالرز ذخائر مزید کم ہو گئے، ایک ہفتے کے دوران 7 کروڑ ڈالرز کی کمی سے ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر پونے 8 ارب ڈالرز کی سطح تک گر گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ ذخائر میں مزید اور نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران زر مبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 7 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں گزشتہ ہفتے کے اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران زر مبادلہ کے سرکاری ذخائر 7 ارب 77 کروڑ 93 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ مجموعی ذخائر کی مالیت یکم ستمبر کو 13 ارب 12 کروڑ 68 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 34 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔دوسری جانب ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ زبردست کم بیک کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

پاکستان کی انٹربینک اور اوپن مارکیٹوں میں پاکستانی روپیہ کیلئے جمعرات کا دن بھی کافی اچھا رہا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 4 پیسے کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 304 روپے 94 پیسے کی سطح پر بند ہوا ہے۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 4 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 308 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ تین روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 25 روپے کمی ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں