لاہور (پی این آئی) سونے کی قیمت کریش کر گئی، صرف 3 دنوں میں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 22 ہزار روپے سے زائد کم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق صرف 3 دنوں میں پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی اور پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کریش ہونے سے ملک میں بدھ کے روز سونے کی قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی یومیہ کمی ہوئی جس کے بعد جمعرات کو بھی سونے کی قیمت کریش کر گئی۔بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کمی کے ساتھ 1921 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 800 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 957 روپے کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی۔قیمتوں میں بڑی کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی، فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 16 ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 85 ہزار 614 روپے ہوگئی۔یوں صرف 3 دنوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 22 ہزار روپے سے زائد کم ہو چکی۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں بدترین کمی کی وجہ سے سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے اضافہ ہوا۔ گزشتہ 16 ماہ کے دوران سونے کی قیمت میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی انٹربینک اور اوپن مارکیٹوں میں پاکستانی روپیہ کیلئے جمعرات کا دن بھی کافی اچھا رہا۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 4 پیسے کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 304 روپے 94 پیسے کی سطح پر بند ہوا ہے۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 4 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 308 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ تین روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 25 روپے کمی ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں