نیویارک (پی این آئی ) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں برطانوی اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہو جانے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق تیل کی سب سے زیادہ پیداوار والے ممالک کی جانب سے خام تیل کی پیدوار میں بار بار کمی کرنے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں سال 2023 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 89 ڈالرز کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 86 ڈالرز کی سطح کو چھونے کے قریب ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل 88 عشاریہ 78 ڈالرز فی بیرل کی قیمت پر ٹریڈ ہو رہا ہے جبکہ امریکی خام تیل 85 عشاریہ 77 ڈالرز فی بیرل کی قیمت پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پاکستان جیسے ممالک کیلئے بری خبر قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی ملکی تاریخی کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکیں، جبکہ پاکستانی روپے کی قدر میں بھی کمی ہونے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں رہا۔ اسی باعث خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں آنے والے دنوں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں یکم ستمبر کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ ملک کی نگران حکومت کی جانب سے 15 ستمبر تک پٹرول کی قیمت 305 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں