چینی کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی (پی این آئی ) ملک میں چینی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی‘ مختلف شہروں میں فی کلو 200 روپے میں فروخت ہونے لگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں چینی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چینی 200 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جہاں 50 کلو چینی کا تھیلا 10 ہزار 500 کا ہوچکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں بھی چینی ڈبل سینچری کو کراس کرچکی ہے، کراچی میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 178 روپے کلو اور ریٹیل مارکیٹ میں 185 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے، اسی طرح پشاور میں بھی چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور عام مارکیٹوں میں چینی اب 200 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ ادھر بلوچستان سے 200 میٹرک ٹن سے زائد چینی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، چینی 31 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں چھپائی گئی تھی، تاہم ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے صوبے میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں کے دوران مستونگ کے نواحی علاقے شیخ واصل سے 210.35 میٹرک ٹن چینی برآمد کرلی۔

برآمد شدہ چینی 31 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں چھپائی گئی تھی جسے افغانستان اسمگل کیا جارہا تھا کہ اس دوران ایف سی نے خفیہ اطلاعات پر بروقت کارروائی کی اور چینی کی کھیپ قبضے میں لے کر کسٹمز حکام کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایف سی نے رواں برس بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کئی غیرقانونی اشیاء کی اسمگلنگ ناکام بنائی، جن میں 2253 میٹرک ٹن چینی، 1307 میٹرک ٹن گندم، 2061 میٹرک ٹن یوریو کھاد اور ایک میٹرک ٹن سے زائد منشیات شامل ہیں، اس حوالے سے ژوب، پشین، مستونگ، نوشکی اور چمن کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close