چینی کی قیمت بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور (پی این آئی) ڈالر، پٹرول اور ڈیزل کی ٹرپل سینچری ہونے کے بعد چینی کی قیمت بھی ڈبل سینچری کے قریب پہنچ گئی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے ہو جانے کا خدشہ، کئی شہروں میں چینی کی قیمت 190 روپے ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیے جانے کے بعد ملک میں مہنگائی کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ملکی تاریخی میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ڈالر، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے سے زائد ہو گئی۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 305 روپے، پٹرول کی قیمت بھی 305 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ اب ملک میں چینی مہنگی ہونے کا بھی نیا ریکارڈ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت 190 روپے ہو گئی، جس کے بعد خدشہ ہے کہ ایک سے دو روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے ہو جائے گی۔جبکہ ملک میں چینی کی قلت کے حوالے سے وزارت فوڈ سیکورٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملک میں 2 ماہ کیلئے چینی کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں، ٹریڈنگ کارپوریشن نے چینی درآمد کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی۔ وزارت فوڈ سیکورٹی نے چینی درآمد کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال چینی درآمد کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔اعلامیہ کے مطابق کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع ہو گا۔

اس وقت ملک میں 1.82 ملین ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم حکومت چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے لاچار نظر آتی ہے۔ چینی کی سرکاری قیمت 99 روپے فی کلو ہونے کے باوجود لاہور میں چینی پانچ روپے کلو مہنگی ہو کر 175، کوئٹہ میں 185، پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد، کراچی اور حیدرآباد میں 190 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close