بجلی کے بھاری بل، 400 یونٹس والے صارفین کو ریلیف دینے کا ہنگامی پلان تیار

اسلام آباد(پی این آئی) وزارت خزانہ نے بجلی کے 400 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی پلان تیار کرلیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کا پلان ہنگامی بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے اور نگران حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں 250 ارب روپے کے ریلیف کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف حکام سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کی درخواست کی ہے اور بجلی کے بلوں کی ادائیگیوں میں سہولت دینے کی تجویز آئی ایم ایف کے حوالے کی ہے جس میں ہرصارف کو بجلی کے بل قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ وزارت خزانہ کی جانب سے بجلی کے 400 یونٹس استعمال کرنے والوں کے لیے ریلیف کا پلان تیار کیا گیا ہے، اگر آئی ایم ایف نے رضامندی ظاہرکی تو 2 ماہ کے لیے معاہدہ ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگست اور ستمبر کے بل اقساط میں لینے کے لیے وزارت خزانہ تحریری گارنٹی دے گی اور بنیادی ٹیرف میں7 روپے کا اضافہ واپس لے کرمرحلہ وارکرنے پر غور کیا جارہا ہے یعنی بجلی کے بنیادی یونٹ مرحلہ وار بڑھائے جائیں۔ اس کے علاوہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بھی ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close