اسلام آباد (انٹرنیوز)عالمی روڈٹرانسپورٹ کے تحت پاک چین تجارت شروع ہوگئی، کارگو ٹرکوں کا پہلا قافلہ چین سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی این ایل سی اور چینی کمپنی سیوا لاجسٹکس کے اشتراک سے پہلی بار اقوام متحدہ کے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کنونشن کے تحت سامان کی سرحد پار نقل وحمل کا آغاز ہوگیا۔ٹی آئی آر سروس کے باضابطہ آغاز کیلئے کاشغر یوان فانگ انٹرنیشنل لاجسٹکس پورٹ کمپنی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں این ایل سی کے نمائندوں، کاشغر کسٹمز، میونسپل کمیٹی کے حکام، سیوا لاجسٹکس اور کراس بارڈر ای کامرس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
مقررین نے کاشغر سے اسلام آباد تک ٹی آئی آر ٹرانسپورٹ روٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے مابین ٹی آئی آر کے تحت مستقبل میں تجارتی سامان کی ترسیل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ منصوبے سے خشکی میں گھرے وسط ایشیائی ریاستوں سے رابطے کے لیے موثر اور محفوظ زمینی راستہ دستیاب ہوگا۔سرحدوں پر کسٹم کے آسان اور مربوط طریقہ کار کی بدولت ٹی آئی آر سامان کی سرحد پار ترسیل تیز تر اور زیادہ محفوظ طریقے سے ممکن ہوگی۔ اس سے نہ صرف وقت بلکہ لاگت میں بھی کمی ممکن ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر کارگو ٹرکوں کا پہلا قافلہ پاکستان کے لیے سفر پر روانہ ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں