ٹویوٹاکی جدید ترین گاڑی ’ٹویوٹا پرئیس‘ کی قیمت سامنے آگئی

کراچی(پی این آئی) پاکستان کی پہلی ’ٹویوٹا پریئس2024‘ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جنہیں دیکھ کر کاروں کے شوقین افراد خاصے پرجوش نظر آئے مگر جونہی ان کی نظر اس گاڑی کی قیمت پر پڑی، سارے کا سارا جوش ٹھنڈا پڑ گیا۔ ایک انسٹاگرام صارف کی طرف سے اس گاڑی کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ یہ گاڑی کراچی کی ایک ڈیلرشپ نے درآمد کی ہے۔

پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ گاڑی 2کروڑ روپے کی لاگت میں درآمد کی گئی ہے۔ یہ لاگت ٹویوٹا فارچونر سگما 4کی قیمت سے بھی زیادہ ہے۔ ٹویوٹا فارچونر سگما کی قیمت1کروڑ 90لاکھ روپے ہے۔تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹویوٹا پریئس (Prius)کی یہ گاڑی گزشتہ سال کے ماڈل کی نسبت بہت پرکشش بنائی گئی ہے۔اس گاڑی کے ڈیزائن میں جدید سپورٹس کاروں کی جھلک نظر آتی ہے۔ اس میں 2.0لیٹر پلگ اِن ہائبرڈ سسٹم دیا گیا ہے، جو ہائی ایفیشنسی ڈائنامک فورس انجن اور لیتھیم آئن بیٹریوں کے ذریعے 221ہارس پاور طاقت پیدا کرتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس طاقت کے ساتھ یہ گاڑی 6.7سیکنڈز میں صفر سے 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ سکتی ہے۔یہ گاڑی بین الاقوامی مارکیٹ میں 78لاکھ روپے سے 1کروڑ 2لاکھ روپے تک کی قیمت میں دستیاب ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close