ڈالر مہنگا ہوتے ہی سونے کی فی تولہ قیمت کہاں پہنچ گئی؟ خریداروں کیلئے بُری خبر

لاہور (پی این آئی) ڈالر کی قیمت بے لگام ہونے کا نتیجہ، سونا مزید مہنگا ہو گیا، ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھنے کے بعد ملکی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت2 ڈالر بڑھ کر 1905 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 900روپے اور 771روپے کا اضافہ ہوگیا۔اس کے نتیجے میں کراچی ، حیدرآباد ، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد ، راولپنڈی ، پشاور میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 223800روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 191872روپے کی سطح پر آگئی۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت بھی بے لگام ہو گئی۔ گراں حکومت کے قیام کے بعد بدھ کو دوسرے دن بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر بے قابو رہا، جس سے ڈالر کے انٹربینک 294روپے جبکہ اوپن ریٹ 302روپے سے تجاوز کرگئے۔انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کےاختتامی لمحات میں طلب گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 3.43 روپے کے اضافے سے 294.93روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے ریٹ 2.50 روپے کے اضافے سے 302.50 روپے پر بند ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close