وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، تیل قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

واشنگٹن (پی این آئی) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں امریکی ایندھن کے ذخائر میں کمی، روس اور سعودی عرب کی جانب سے پیداوار میں کمی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے کاروبار میں برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 44 سینٹس اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 86.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی، ایک موقع پر قیمت 87.65 ڈالر پر بھی پہنچ گئی تھی جو 27 جنوری 2023 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے طلب میں کمی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اب تبدیل ہوگئی ہے اور خام تیل کی طلب میں لگاتار چھٹے ہفتے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی بنیادی وجہ اوپیک اتحاد کی جانب سے سپلائی میں کمی ہے۔امریکی حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی ایندھن کے ذخائر میں 27 لاکھ بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ ڈیزل اور ہیٹنگ آئل کے ذخائر میں بھی 17 لاکھ بیرل کمی واقع ہوئی حالانکہ ماہرین نے رائٹرز کے سروے میں ان ذخائر کے مستحکم رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت کاروبار کے دوران 84.65 ڈالر فی بیرل کو چھو گئی جو نومبر 2022 کے بعد بلند ترین سطح ہے البتہ بعد ازاں قیمت 83.34 ڈالر پر آگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close