اسلام آباد(آئی این پی)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر کے لگ بھگ پہنچ گئے ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ نئے مالی سال کے پہلے ماہ ٹیکس حکام کی کارکردگی قابل تعریف ہے، پہلے ماہ میں ٹیکس کا ہدف حاصل کرنا خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے حکام میں لیڈرشپ صلاحتیں موجود ہیں، گزشتہ مالی سال ٹیکس ہدف حاصل نہ ہونے کی وجوہات ہمیں معلوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایوان نے نیشنل ساورن ویلتھ فنڈ کا تاریخی بل منظور کیا ہے، قومی اثاثوں کے فنڈ میں ابتدائی طور پر 7 اثاثے شامل کیے ہیں جن کی مالیت 2300 ارب روپے ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ قومی اثاثوں کے فنڈ میں وزارت خزانہ کے 3 اثاثے شامل ہیں، اس فنڈ میں تیل و گیس کے 3 اثاثے شامل کیے ہیں، فنڈ میں توانائی کا ایک اثاثہ شامل کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سے پہلے قومی اثاثوں کے فنڈ انڈونیشیا اور مصر بھی قائم کرچکے ہیں، یہ فنڈ حکومت کی براہ راست ساورن گارنٹی ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو ان اثاثوں سے فنڈ پر 100 فیصد اعتماد ہوتا ہے، پاکستان کے سرکاری اثاثوں کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں