کراچی (پی این آئی) شوگر مل مالکان نے چینی کی قیمتوں میں 30روپے فی کلو اضافہ کر دیا، چینی کا 50 کلو کا تھیلا 7 ہزار روپے کا ہو گیا، چینی کی ریٹیل قیمت 150 سے 155 روپے فی کلو تک ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مزید 3روپے کا اضافہ ہوگیا اورچینی کا ہول سیل ریٹ 140 روپے فی کلو ہو گیا،ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافہ کردیا گیااور چینی مہنگی ہونے کے باعث ریٹیل میں چینی کی قیمت150سے 155 روپے فی کلو ہوگئی۔کراچی کے معروف کاروباری مرکز جوڑیا بازار میں چینی کا 50 کلو کا تھیلا 7 ہزار روپے کا ہو گیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں چینی کی ریٹیل قیمت 150 سے 155 روپے فی کلو تک ہے۔گزشتہ جمعہ کو چینی کی ہول سیل قیمت 134 روپے فی کلو تھی۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالروف ابراہیم نے کہا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 137سے بڑھ کر 140روپے کلو ہوگئی،شوگر مل مالکان نے چینی کی قیمتوں میں رواں ماہ 30روپے فی کلو اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی مارکیٹ میں ذخیرہ اندوز اور مافیا سرگرم ہیں جبکہ چینی کی مارکیٹ میں سپلائی کم کردی ہے۔عبدالروف ابراہیم نے کہا کہ ذخیرہ اندوز ملوں سے چینی حاصل کرکے گوداموں میں چھپا رہے ہیں ۔ دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبہ میں آٹا اورچینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سپیشل برانچ کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منگل کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آٹا اور چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔صنعت ، خوراک اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ آٹا اور چینی کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت قابل قبول نہیں،اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرکے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے آٹا اور چینی کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کیساتھ انکی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کیلئے سپیشل برانچ انتظامیہ کو معاونت فراہم کریگی۔ سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں گندم اور چینی کے وافر سٹاک موجود ہیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں