اسلام آباد(آئی این پی) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے حکومت سے اسٹیٹ بینک کی آزادی کو مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کا مطالبہ کردیا۔آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے بارے میں رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مانیٹری پالیسی مزید سخت ، فعال اور ڈیٹا پر مبنی بنانے کی ضرورت ہے جبکہ شرح سود میں حالیہ اضافہ خوش آئند ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افراط زر کو کم کرنے اور بیرونی توازن کو آسان بنانے کے لیے اگر ضرورت ہو تو سختی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، ری فنانسنگ اسکیموں کو مرحلہ وار ختم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد سے مانیٹری پالیسی کے عمل کو تقویت ملے گی اور ان اسکیموں میں شفافیت آئے گی۔آئی ایم ایف نے رپورٹ میں کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی آزادی کو مضبوط اور محفوظ کیا جانا چاہیے جبکہ زر مبادلہ کی شرح کا تعین مارکیٹ کی بنیاد پرہونا چاہیے، بیرونی جھٹکوں کو جذب کرنے، مسابقت کو برقرار رکھنے، اور بین الاقوامی زرمبادلہ ذخائر کی تعمیر نو میں مدد کیلئے مراعات دے کر ترسیلات زر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں