ٹیکس دیے بغیر 8ماہ تک موبائل فونز استعمال کرسکیں گے، پی ٹی اے نے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن متعارف کروا دی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کی جانب سے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے آن لائن سسٹم کا اجراء کردیا گیا، جس کے تحت اوورسیز پاکستانی ٹیکس دیے بغیر 8 ماہ تک موبائل فونز استعمال کرسکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی نے اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے لیے آن لائن سسٹم شروع کیا ہے۔

اس حوالے سے تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آن لائن ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کیا، اس نئے سسٹم کی بدولت سمندر پار پاکستانیوں کے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی بلاک نہیں ہوں گے اور وہ ملک میں آ کر 8 ماہ تک ٹیکس دیے بغیر اپنے موبائل فون استعمال کرسکیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ سروس سمندر پار پاکستانیوں کے لیے شاندار سہولت ہے، اس سسٹم میں تین ماہ سے زیادہ توسیع کی سہولت غیرمشروط طور پر دینی چاہیے، اس سہولت کو آسان بنائیں، اگر آپ توسیع کے لیے کوئی شرط لگائیں گے تو مسائل پیدا ہوں گے اور جہاں تک موبائل فونز پر ٹیکس کی بات ہے تو اس پر سوچ بچار کی ضرورت ہے کیوں کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو سہولیات دینے کیلئے جو کچھ کر سکتے ہیں ہمیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دنیا میں بے پناہ پذیرائی ملی ہے، پاکستان میں کروڑوں نوجوان تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پاکستانی نوجوان آئی ٹی میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں کی تربیت کیلئے تیزی سے کام کرنا چاہیئے، ووکیشنل ٹریننگ کیلئے آئی ٹی پارک کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، سخت محنت سے کام کیا جائے تو آئی ٹی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جو سِم والا موبائل فون لے کر آئیں گے، انہیں پاکستان میں 8 ماہ تک کسی بھی قسم کا کوئی ٹیکس دینے کی ضرورت نہیں ہوگی جب کہ اس سے پہلے جو بھی اوورسیز پاکستانیم غیرملکی سیاح یا کاروباری افراد آتے تھے، انہیں 120 دن میں ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا لیکن اب وہ اس مدت کو مزید 120 دن تک بڑھا سکتے ہیں، اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اوورسیز پاکستانی اپنا ویزہ اور موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر اس سسٹم پر آن لائن اپ لوڈ کریں گے تو انہیں 120 دن کی توسیع مل جائے گی، اس نظام میں ہم نے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ کاروباری افراد کا کوئی فرد اگر واپس جانے کے 2 ماہ بعد پھر پاکستان آتا ہے تو اسے دوبارہ یہی سہولت میسر ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں