مہنگائی سے پریشان عوام کو ایک اور جھٹکا، آٹے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی (پی این آئی) آٹے کی قیمت پر پھر سے پر لگ گئے، شہر قائد میں آٹے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔

کراچی میں آٹا ملک بھر میں سب سے مہنگا، بیس کلو کا تھیلا تین ہزار روپے کا ہو گیا جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں قیمت2900 سے زیادہ ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق لاہور میں بیس کلو آٹے کا تھیلا ساڑھے ستائیس سو روپے میں دستیاب ، ملتان اور گوجرانوالہ میں قیمت ستائیس سو تینتیس روپے ہوگئی۔ پشاور میں بیس کلو آٹے کا تھیلا ساڑھے ستائیس سو روپے میں بکنے لگا ، کوئٹہ میں بھی قیمت ستائیس سو روپے ہے۔ دوسری جانب ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا۔ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.70 فیصد اضافہ ہوگیا، جس کے ساتھ مہنگائی کی مجموعی شرح 28.55 فیصد ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔

ٹماٹر کی قیمت میں 42.25 فیصد، پیاز 8.70، آلو4.79 فیصد، آٹا4.5 فیصد، گڑ4.01 فیصد مہنگے ہوگئے۔ایک ہفتے میں چینی 3.48 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ حالیہ ہفتے میں 10اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔جبکہ ایک ہفتے میں 17اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اوسی اے سی اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2023 میں ملک میں 16.61 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو مالی سال 2022 کے مقابلہ میں 26 فیصد کم ہے، مالی سال 2022 میں ملک میں 22.56 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔جون 2023 میں ملک میں 1.34 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو مئی کے مقابلہ میں 4 فیصدزیادہ ہے، مئی میں ملک میں 1.30 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں 7.42ملین ٹن پیٹرول اور6.37ملین ٹن ڈیزل کی فروخت ریکارڈکی گئی جومالی سال 2022 کے مقابلہ میں بالترتیب 17اور28 فیصد کم ہے، مالی سال 2022 میں ملک میں 8.95 ملین ٹن پیٹرول اور8.87 ملین ٹن ہائی سپیڈڈیزل کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں