فیصل آباد(پی این آئی) رواں مالی سال میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اربوں ڈالر کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس حوالے سے اپٹما نے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ جن کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت اس سال ٹیکسٹائل برآمدات دو ارب اکیاسی کروڑ ڈالر کی کمی دیکھی گئی۔
گزشتہ دس سال میں یہ سال نمو کے اعتبار سے انتہائی مایوس کن رہا۔اپٹما کے مطابق مالی سال 2023 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں پندرہ فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے، مالی سال دو ہزار تئیس کے بارہ ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سولہ ارب اکیاون کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں، مالی سال دو ہزار بائیس میں ٹیکسٹائل برآمدات انیس ارب بتیس کروڑ ڈالر کی تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر دو ہزار بائیس سے مسلسل نو ماہ ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، مالی سال دو ہزار بائیس میں پہلی بار ٹیکسٹائل برآمدات انیس ارب تیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔اپٹما کا کہنا ہے کہ برآمدات میں یہ کمی آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی پروگرام کی رقم کے مساوی ہے، جون 2022 کے مقابلے جون 2023 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں تیرہ فیصد کمی ہوئی، جون دو ہزار بائیس کے ایک ارب اکہتر کروڑ ڈالر کے مقابلے جون دو ہزار تئیس میں ٹیکسٹائل کی برآمدات ایک ارب اڑتالیس کروڑ ڈالر رہیں۔ ادھر آج نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے معروف انٹرنیشنل ٹیکسٹائل برانڈ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیرصنعت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری اور چیئرمین پی اینڈ ڈی نے وفد کو بریفنگ دی جبکہ معروف صنعتکار گوہر اعجازنے پنجاب میں کاٹن کی پیداوار میں اضافے کیلئے کئے گئے اقدامات سے وفد آگاہ کیا۔ وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کاٹن کی بہترین پیداوار کیلئے کاشتکاروں کو مراعات اور سپورٹ پرائس دی جارہی ہے، معیاری کاٹن کے حصول کیلئے جعلی بیج اور پیسٹی سائیڈز کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹری کو مناسب نرخ پر بجلی کی فراہمی کیلئے پلاننگ کی جارہی ہے، تمام ادارے صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ایک پیج پر ہیں، پنجاب سے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے انڈسٹری کو تمام تر سہولتیں مہیا کریں گے، وفد کا پنجاب آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ وفد میں جان سٹیفن، میتھیوروڈز کے علاوہ صدیق بھٹی،حبیب انور اور عامر فیاض شامل تھے، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری صنعت، چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں