مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت کا اعلان کب کیا جائے گا؟ جانئے

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے تاہم اس میں مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت شامل نہیں ہے۔اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کا کہنا ہےکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، اس کا اعلان کل تک متوقع ہے۔

رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، پیٹرول کی قیمت برقرار رہے گی جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کافی اضافہ ہوا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں ردو بدل کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔ پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر لیوی 5 روپے اضافے سے 55 روپے ہوگئی ہے جب کہ ڈیزل پر لیوی 50 روپے فی لیٹر برقرار رہےگی۔ خیال رہےکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے اور معاہدےکی شرائط کے تحت بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافےکی تیاریاں جاری ہیں، اس کے ساتھ ہی گیس بھی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ بجلی اورگیس کے ریٹ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل بڑھانے ہوں گے اس لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تقریباً 4 روپے فی یونٹ تک مزید اضافے کا امکان ہے جس کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائےگی۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے گیس کے ٹیرف میں 50 فیصد تک اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا رکھی ہے اور گیس مزید مہنگی کرنے سے متعلق فیصلہ بھی جلد متوقع ہے جب کہ حکومت کے پاس پیٹرول اور ڈیزل پرلیوی میں 10 روپے فی لیٹرتک اضافے کی گنجائش ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close