گاڑی مالکان کیلئے اہم خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) محکمہ ایکسائز کے نادہندہ گاڑیوں کے خلاف ناکوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔

گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول محمد علی نے راوی ٹال پلازہ ناکیکا اچانک دورہ کیا اور گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کا معائنہ کیا۔ڈائریکٹر ایکسائز محمد آصف اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔چیکنگ کے دوران سینکڑوں گاڑیاں رجسٹریشن فیس اور ٹوکن ٹیکس کی نادہندہ نکلیں جن سے ایکسائز عملہ نے موقع پر واجب الادا ٹیکس وصول کیا۔ ڈی جی ایکسائز محمد علی نے اس موقع پر صوبہ بھر کے ایکسائز افسران کو ہدائت کی کہ موٹروے ہو یا ہائی وے، کسی نادہندہ گاڑی کو ٹیکس لیے بغیر نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی قومی فریضہ ہے، معزز شہری ذمہ داری دکھائیں اور ٹیکس بروقت ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹیکس کی ادائیگی مزید آسان کر دی ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے سٹیٹ بنک کو بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ رات دس بجے تک اپنی اور نیشنل بنک کی برانچوں کو محکمہ ایکسائز کے ٹیکس جمع کرانے کی اجازت دے۔

ڈی جی نے کہا کہ شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ ”ای پی” کے ذریعے آن لائن ادائیگی بھی کرسکتے ہیں جبکہ عید کی چھٹیوں میں بھی آن لائن ادائیگی ہو سکے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ذمہ موٹر وہیکل و پراپرٹی ٹیکس ادا کر کے شرمندگی سے بچیں تاکہ ایکسائز عملہ کو مجبوراً سخت اقدامات نہ کرنا پڑیں۔ انہوں نے ایکسائز عملے کو ہدائت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں اور کسی بھی صورت میں ناروا سلوک نہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں