پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار، سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے

لاہور (پی این آئی) پاکستان اسٹاک مارکیٹ بہت بری مندی کی زد میں، صرف 3 دنوں میں کھربوں روپے کا نقصان ہو گیا، رواں ہفتے کے 3 کاروباری ایام میں اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1100 پوائنٹس کی مندی کا شکار ہو چکا، بدھ کے روز سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 432.24 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40220.79 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ مندی کے باعث پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.06 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 4 کروڑ 75 لاکھ 17 ہزار 62 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے کا نقصان ہوا۔یہاں واضح رہے کہ رواں کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 41 ہزار 300 سے زائد پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا، جو اب تقریباً 1100 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 220 پوائنٹس کی سطح تک گر چکا۔معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے ختم ہوتے امکانات کے باعث مارکیٹ میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر آئی ایم ایف کے تازہ ترین ردعمل نے بھی مارکیٹ میں بے چینی بڑھائی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close